ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسان تحریک: شمبھو بارڈر سے مظاہرین کو ہٹانے کی عرضی سپریم کورٹ میں خارج، سماعت سے انکار

کسان تحریک: شمبھو بارڈر سے مظاہرین کو ہٹانے کی عرضی سپریم کورٹ میں خارج، سماعت سے انکار

Mon, 09 Dec 2024 17:46:39  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 9/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)سپریم کورٹ نے پیر کے روز وہ عرضی خارج کر دی جس میں پنجاب کی شاہراہوں پر کسانوں کے احتجاج کے سبب پیدا ہونے والی رکاوٹیں ہٹانے کے لیے مرکزی حکومت اور دیگر حکام کو ہدایت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس منموہن کی بنچ نے واضح کیا کہ یہ معاملہ پہلے سے ہی عدالت میں زیر غور ہے اور وہ ایک ہی موضوع پر بار بار عرضیوں کی سماعت نہیں کر سکتی۔

بنچ نے پنجاب میں سماجی کارکن کی شکل میں کام کرنے کا دعویٰ کرنے والے عرضی دہندہ گورو لوتھرا سے کہا کہ ’’ہم پہلے ہی وسیع ایشوز پر غور کر رہے ہیں۔ صرف آپ کو ہی سماج کی فکر نہیں ہے۔ بار بار عرضیاں داخل مت کیجیے۔ کچھ لوگ تشہیر کے لیے عرضی داخل کرتے ہیں اور کچھ لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے ایسا کرتے ہیں۔‘‘ عدالت نے اس عرضی کو زیر التوا معاملے کے ساتھ جوڑنے سے متعلق لوتھرا کی گزارش کو بھی خارج کر دیا۔

سنیوکت کسان مورچہ (غیر سیاسی) اور کسان مزدور مورچہ کے بینر تلے کسان 13 فروری سے پنجاب اور ہریانہ کے درمیان شمبھو و کھنوری بارڈرس پر ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں۔ 13 فروری کو سیکورٹی فورسز نے انھیں دہلی کی طرف بڑھنے سے روک لیا تھا۔ عرضی میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کسانوں اور ان کی تنظیموں نے غیر معینہ مدت کے لیے پنجاب میں سبھی قومی اور ریاستی شاہراہوں کو رخنہ انداز کر دیا ہے۔ عرضی دہندہ نے عدالت سے یہ ہدایت جاری کرنے کی گزارش کی تھی کہ تحریک چلانے والے کسان قومی شاہراہوں اور ریلوے پٹریوں کو رخنہ انداز نہ کریں۔


Share: